اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں یکم ستمبر سے پولیو مہم شروع کی جارہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں نیشنل کوآرڈینیٹر برائے پولیو نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو پولیو کی موجودہ صورتِ حال پر بریفننگ دی۔
اپنی بریفنگ میں اُن کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں یکم ستمبر سے پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے، جب کہ جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا انعقاد 15 ستمبر سے کیا جائے گا۔
نیشنل کوآرڈینیٹر برائے پولیو نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ مہم کے دوران 2 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے،وزیر اعظم کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
آخر میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ ہائی رسک ایریاز میں پولیو کے خاتمے کیلے موثر حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے، پولیو مہم کو خود مانیٹر کروں گا ،پولیو وائرس ہمارے ماحول میں موجود ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلیے ویکسینیشن کو یقینی بنائیں،دنیا بھرمیں کینسر کا علاج ہے پولیو کا علاج نہیں ہے، والدین بچوں کے صحت مند مستقبل کے لیے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ والدین کسی قسم کے منفی پروپیگنڈا پر یقین مت کریں اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچائیں۔