دواسازی صنعت میں نئی سرمایہ کاری کا آغاز، 10 ملین ڈالر سے جدید ادویات کی تیاری کا منصوبہ

Published On 10 October,2025 08:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہیلتھ سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری کے آغاز میں بڑی پیش رفت، 10 ملین ڈالر سے جدید ادویات کی تیاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

چینی و جرمن دواساز کمپنیوں کے سربراہان کی وفاقی وزیر صحت سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں مقامی ادویات سازی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جرمن دواساز کمپنی نے پاکستان میں ذیابیطس کے علاج سے متعلق جاری منصوبوں پر وزیر صحت کو بریفنگ دی، جرمن کمپنی نے پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر سے طویل المدتی وابستگی کا اعادہ کیا۔

چینی دواساز کمپنی پاکستان سے تحقیقی تعاون بڑھائے گی، چینی کمپنی کی پاکستان میں جدید پیداواری سہولت قائم کرنے کی منصوبہ بندی بارے منسٹر کو آگاہ کیا۔

چینی دواساز کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان کے ساتھ تحقیقی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا، منصوبے کے مطابق پری فِلڈ سرنجز، سیمی گلوٹائیڈ گولیاں اور GLP-1 انجیکشنز کی مقامی طور پر تیار کی جائے گی۔

10 ملین امریکی ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری سے جدید دواساز مینوفیکچرنگ سہولت قائم ہوگی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے ہم غیر ملکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے دونوں کمپنیوں کو مرحلہ وار سرمایہ کاری اور منصوبوں کے نفاذ کا تفصیلی روڈ میپ پیش کرنے کی دعوت دی۔

وزیر صحت نے کہا کہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام تر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے، یہ تعاون صرف سرمایہ کاری تک محدود نہیں رہے گا بلکہ روزگار کے مواقع اور برآمدی صلاحیت میں اضافے کا ذریعہ بھی بنے گا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان تمام متعلقہ ریگولیٹری تقاضوں کو بروقت یقینی بنائے گی، پاکستان کو درآمدی دواساز معیشت سے نکال کر ایک خود کفیل اور برآمدی دواساز معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔

وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان میں ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔