خیبرپختونخوا حکومت کو صحت کارڈ پر علاج کی سہولت جاری رکھنے میں مشکلات

Published On 17 November,2025 09:36 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا حکومت کے لیے صحت کارڈ پر علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی برقرار رکھنا بڑا چیلنج بن گیا۔

ذرائع محکمہ صحت کے مطابق بیمہ کمپنی سے عارضی معاہدہ چل رہا ہے، پرانے ریٹ پر ہسپتالوں میں جاری آپریشنز کے سلسلہ میں مشکلات کا سامنا ہے، حکومت پر اربوں روپے واجب الادا ہو چکے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت اربوں روپے کے بقایاجات کو ختم کرنے کے لیے قسطوں میں رقم کی ادائیگی کرکے کام چلانے لگی، بیمہ کمپنی سے 5 سالہ معاہدہ ختم ہوا تو صرف ایک سال کے لیے تجدید کر دی گئی۔

یاد رہے کہ نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ گزشتہ سال ختم ہو گیا تھا، تاحال مستقل معاہدہ نہیں ہو سکا، سرکاری اور نجی ہسپتال پرانے ریٹس پر آپریشن کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مہنگائی کے باوجود 2021 کے بعد ریٹس میں اضافہ نہیں کیا گیا، ادویات اور آلات کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئی ہیں، سرکاری ریٹس پر کام کرنا مشکل ہے، آپریشن کے اخراجات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔