خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز، 1 کروڑ 78 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے مطابق اس قومی مہم میں صوبے بھر سے دو لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں جو گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گے۔
پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان عدیل تصور نے بتایا کہ یہ مہم پولیو وائرس کے خلاف دباؤ برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے، ان کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں پولیو وائرس میں واضح کمی سامنے آئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انسداد پولیو مہمات مؤثر ثابت ہو رہی ہیں تاہم وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے رفتار، تسلسل اور دباؤ برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
عدیل تصور نے مزید بتایا کہ لاہور میں 14 ہزار جبکہ راولپنڈی میں 8 ہزار پولیو ورکرز اس قومی مہم کا حصہ ہوں گے، راولپنڈی اور مری سمیت صوبے کے حساس اور ہائی رسک اضلاع میں خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نقل مکانی کرنے والی آبادی پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔