خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم 11 سے 24 مئی تک جاری رہے گی۔
مصطفیٰ کمال سے ایمرجنسی آپریشنز سینٹر سندھ کے کوآرڈینیٹر نے ملاقات کی، جس میں صوبے خصوصاً کراچی میں انسدادِ پولیو اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیرِ صحت کو بتایا گیا کہ سندھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم 11 سے 24 مئی تک جاری رہے گی، جبکہ کراچی کی منتخب ہائی رسک یونین کونسلز میں یہ مہم 10 سال تک کے بچوں کے لیے ہوگی، آئندہ ہفتوں میں مہم کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ، بالخصوص کراچی کے بعض علاقوں میں ویکسینیشن کوریج کو بہتر بنایا جائے، جبکہ سہراب گوٹھ میں ایک نئی ڈسپنسری کے قیام پر بھی کام جاری ہے جہاں جلد خدمات کا آغاز متوقع ہے۔
وفاقی وزیرِ صحت کے مطابق جن علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی رپورٹ ہو رہی ہے وہاں "ریڈ زون" حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے، جبکہ پولیو ورکرز کی تربیت اور مائیکرو پلاننگ کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کر کے انہیں ہر صورت ویکسین فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی کمیونٹی لیڈرز، علماء کرام اور سماجی شخصیات کو بھی اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ آگاہی اور اعتماد میں اضافہ ہو، جبکہ کچی آبادیوں اور دور دراز دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید بتایا کہ شہری سطح پر نئے ویکسینیشن سینٹرز اور ڈسپنسریز کے قیام کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔