خلاصہ
- اسلام آباد: ( دنیا نیوز) عالمی ادارۂ صحت نے کانگو اور یوگنڈا میں حالیہ ایبولا وبا کی صورتحال کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق حالیہ ایبولا وائرس کی وبا کا موجودہ پھیلاؤ صرف افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق افریقہ سے باہر کسی اور ملک میں ایبولا وائرس کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افریقی ممالک سے محدود سفری روابط کے باعث پاکستان میں خطرہ انتہائی کم ہے، پاکستان یا ہمسائیہ ممالک میں بھی کبھی ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم عالمی ادارۂ صحت نے احتیاطی نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر صحت مصطفی کمال نے وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کے پیش نظر ملک میں پیشگی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کو وباؤں سے بچانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، وزارت صحت اور این آئی ایچ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ وزیرصحت کی ہدایت کے مطابق ایبولا سے بچاؤ کیلئے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر نگرانی مزید مؤثر بنا دی گئی۔
ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ انٹر نیشنل ریگولیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنارہے ہیں، وزارتِ صحت نے تمام صوبوں اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہیں، وزارت صحت اور اس کے ماتحت ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ ہیں جبکہ این آئی ایچ پاکستان ایبولا تشخیص کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی ادارہ صحت کو تمام تر ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کاری کر دی ہے، افریقی ممالک سفر کرنے والے شہری روانگی سے قبل اس ملک کی متعلقہ سفری و طبی ہدایات ضرور دیکھیں علاوہ ازیں پاکستان کے صحت حکام عالمی ادارۂ صحت کے تعاون سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔