اپریل 2027 تک ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 حاصل کر لیں گے: مصطفیٰ کمال

اپریل 2027 تک ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 حاصل کر لیں گے: مصطفیٰ کمال

ملاقات کے دوران ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے لیے مصطفیٰ کمال کی قیادت اور عزم کو سراہا، وفاقی کابینہ کی جانب سے پاکستان کی پہلی قومی ویکسین پالیسی کی منظوری کو ملک کے صحت کے شعبے کے لیے تاریخی اقدام قرار دیا۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کے لیے ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 کے حصول کی کوششوں میں عالمی ادارۂ صحت کی تکنیکی معاونت قابلِ تحسین ہے۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 کے حصول کے لیے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور وفاق و صوبوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپریل 2027 تک ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 کا درجہ حاصل کر لے گا، جس سے ملک کی دواساز صنعت کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی ملے گی۔

وفاقی وزیر صحت کے مطابق اس کامیابی سے پاکستان کو تقریباً 160 ممالک کی فارماسیوٹیکل منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی، جبکہ دواساز برآمدات اور عالمی مسابقتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔