خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا، جہاں بیرون ملک جانے اور پاکستان آنے والے بین الاقوامی مسافروں کو ضروری حفاظتی ٹیکوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک سے باہر جانے اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے چاہییں، انہوں نے کہا کہ گردن توڑ بخار کی ویکسین کا سرٹیفکیٹ مسافروں کے پاس ہونا ضروری ہے، خصوصاً حج اور عمرہ پر جانے والے افراد کے لیے یہ سرٹیفکیٹ اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر میں بین الاقوامی مسافروں کو ایک ہی جگہ پر ویکسینیشن کی سہولت میسر ہوگی، جس سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے اپنی ایک پرانی ویڈیو پر ہونے والی تنقید کا بھی جواب دیا، انہوں نے کہا کہ وہ تقریباً 20 سے 21 سال پہلے بھی عوامی خدمت میں مصروف تھے اور اس وقت بھی انہیں رات گئے، بارش اور مشکل حالات میں سڑکوں اور ہسپتالوں میں کام کرتے دیکھا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عباسی شہید ہسپتال میں ان کے دور میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا اور مریضوں کے لیے مختلف سہولتیں فراہم کی گئیں، ان کے مطابق اس وقت ہسپتال میں اضافی بیڈز لگانے پڑے جبکہ بچوں کے لیے وینٹی لیٹر کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
اپنی پرانی ویڈیو سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ویڈیو میں دکھائی جانے والی صورتحال کو مکمل تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک انسان ہیں، اس لیے غلط بات پر غصہ بھی آتا ہے، دکھ بھی ہوتا ہے اور خوشی بھی محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحے کے موقع پر ان کا غصہ اپنے لوگوں سے تھا کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سوشل میڈیا یا میڈیا پر پرانی ویڈیوز دکھا کر کسی واقعے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔