صحت
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے دوا ساز کمپنیوں کو eAPP سافٹ ویئر پر مصنوعات کا ریکارڈ درست کرنے کے لیے آخری موقع فراہم کر دیا۔
ڈریپ کے مطابق eAPP سافٹ ویئر پر مصنوعات کے ڈیٹا کی آن لائن تصدیق اور اپ ڈیٹ کی آخری تاریخ ختم ہوگئی ہے، جس کے بعد فارما کمپنیوں کے لیے آن لائن ریکارڈ کی تصدیق کا عمل بند کردیا گیا ہے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ دوا ساز کمپنیوں کو ریکارڈ میں مزید تصحیح یا اپ ڈیٹ کے لیے ڈریپ کے ایم آئی ایس ڈویژن سے رجوع کرنا ہوگا، درخواست کے ساتھ مطلوبہ تبدیلی کے ثبوت اور معاون دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
اتھارٹی کے مطابق ڈریپ کا ایم آئی ایس ڈویژن 15 ستمبر تک ریکارڈ کی تصحیح کی درخواستوں پر کارروائی کرے گا، تاہم معاون دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی ریکارڈ میں مطلوبہ تبدیلی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈریپ نے جعلی اور غیر قانونی ادویات کی روک تھام کے لیے eAPP سافٹ ویئر متعارف کروایا تھا۔