خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کے 17 سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی نشستوں میں اضافے کی تجویز سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق صوبے کے سرکاری میڈیکل کالجز میں اس وقت ایم بی بی ایس کی مجموعی طور پر 3 ہزار 476 نشستیں موجود ہیں۔
تدریسی ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد میں اضافے کے بعد 475 اضافی نشستیں بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پی ایم ڈی سی کے مقررہ معیار کے مطابق نشستوں میں اضافے کے لیے درخواست دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ایم بی بی ایس کی نشستیں 325 سے بڑھا کر 350 کرنے کے لیے 25 اضافی نشستوں کی سفارش کی گئی ہے۔
اِسی طرح نشتر میڈیکل کالج ملتان، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور اور پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد میں 50، 50 اضافی نشستیں بڑھانے کی تجویز ہے۔
دوسری جانب قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور میں 25، شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان میں 50، جبکہ ساہیوال، گوجرانوالہ اور امیرالدین میڈیکل کالج لاہور میں 50، 50 اضافی نشستیں بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔ ڈی جی خان میں مزید 30 نشستیں بڑھانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مزید برآں محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے حکومت پنجاب سے تعلیمی سیشن 2025-26 میں 475 اضافی نشستوں پر داخلوں کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔