خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی ریاست نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے ریاست میں خسرے کی وبا کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی۔
یہ 2025ء میں خسرے کے کیسز میں اضافے کے بعد کسی امریکی ریاست کی جانب سے پہلی ایسی ہنگامی حالت ہے، ریاست میں 3 اکتوبر تک خسرے کے 108 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 92 کیسز 15 جولائی کے بعد دیہی علاقوں کی 18 کاؤنٹیز میں سامنے آئے۔
نیویارک سٹی میں سات جبکہ باقی 101 کیسز ریاست کے دیگر علاقوں میں رپورٹ ہوئے ہیں، دیہی علاقوں میں اب تک خسرہ، ممپس اور روبیلا ویکسین کی ایک ہزار سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
ہنگامی حکم کے تحت خسرے کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ تجویز کرنے کے لئے رجسٹرڈ نرسوں کو اختیار دیا گیا ہے جبکہ فارماسسٹ دو سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین دے سکیں گے۔
ویکسی نیشن کا ریکارڈ 72 گھنٹوں کے اندر ریاستی یا نیویارک سٹی کے ویکسین رجسٹری میں درج کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پڑوسی ریاست پنسلوانیا میں بھی خسرے کی تیزی سے پھیلتی وبا کے دوران 2 اکتوبر تک 977 کیسز اور پانچ اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ بعد میں کیسز کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔