خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں نیشنل مینٹل ہیلتھ پالیسی 2026-2035 کا اجرا کردیا گیا، پالیسی کے تحت 3 کروڑ 24 لاکھ افراد تک ذہنی صحت کی سہولیات پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق پاکستان میں صرف 5 فیصد آبادی کو ذہنی صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل ہے، ذہنی صحت کی سہولیات کا تقریباً 95 فیصد ٹریٹمنٹ گیپ موجود ہے، ہر ایک لاکھ افراد کیلئے صرف 0.19 ماہر نفسیات دستیاب ہیں۔
نیشنل مینٹل ہیلتھ پالیسی کے تحت ذہنی صحت کو بنیادی صحت کے نظام میں شامل کیا جائے گا، سکولوں، بنیادی مراکز صحت اور کمیونٹیز میں ذہنی صحت کی معاونت فراہم کی جائے گی۔
پالیسی میں بچوں اور نوجوانوں کو خصوصی توجہ دی گئی ہے، ذہنی صحت کے شعبے میں کمیونٹی بیسڈ سروسز اور ابتدائی تشخیص پر توجہ دی جائے گی۔
پاکستان گلوبل مینٹل ہیلتھ سمٹ اسلام آباد میں یکم اور دو اکتوبر کو جاری ہے، جس میں ذہنی صحت کے شعبے میں عالمی شراکت داری اور عملی اقدامات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
ذہنی صحت کے نظام کو موسمیاتی خطرات سے ہم آہنگ اور مستقبل کیلئے تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔