اسلام آباد میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ بے نقاب، 5 ملزم گرفتار

اسلام آباد میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ بے نقاب، 5 ملزم گرفتار

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 10 لاکھ روپے نقدی اور 3 گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔

ملزمان نے ڈونر رمضان ارشد کا گردہ غیر قانونی طریقے سے لگایا اور گردے کی پیوندکاری کے لیے 30 لاکھ روپے وصول کیے، جن میں سے ڈونر کو 4 لاکھ جبکہ ایجنٹس کو 60 ہزار روپے دیے گئے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان طبی ڈگری کے بغیر رہائشی مکانات میں گردوں کی پیوندکاری میں ملوث تھے۔

ملزمان ٹیشو ٹائپنگ، کراس میچ اور دیگر ٹیسٹ ہسپتال میں غیر قانونی طور پر کرواتے تھے جبکہ شہریوں کے ڈائلائسز بھی اسلام آباد کے ایک ہسپتال سے ٹیکنیشن کے ذریعے کرائے جاتے تھے۔

حکام کے مطابق گروہ ڈاکٹرز، نرسز، ادویات سپلائی کرنے والوں اور لیبارٹری ٹیسٹ کرنے والے افراد پر مشتمل تھا، جو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی اور پشاور کے مختلف مقامات پر کام کرتا تھا۔

ایف آئی اے نے ملزمان کی 8 کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کی جائیدادیں بھی منجمد کر دی ہیں جبکہ ان کے زیر استعمال گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کروا دی گئی ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق بھی بینکوں کو خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں۔