وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام، ڈیڑھ لاکھ شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی سکریننگ مکمل

وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام، ڈیڑھ لاکھ شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی سکریننگ مکمل

وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ کا عمل جاری ہے، اب تک ڈیڑھ لاکھ شہریوں کے ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ عام آبادی میں 2 سے ڈھائی فیصد افراد میں ہیپاٹائٹس سی کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ صحت کی سہولیات سے محروم علاقوں میں مرض کی شرح 6 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

پمز، پولی کلینک سمیت مختلف سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں شہریوں کی سکریننگ کی جا رہی ہے، ابتدائی سکریننگ میں مثبت آنے والے افراد کے پی سی آر ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ مرض کی حتمی تشخیص ہوسکے، تصدیق شدہ مریضوں کو حکومت کی جانب سے مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں خیبر پختونخوا میں تشخیصی کٹس اور ادویات کی فراہمی شروع کردی گئی ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں سندھ اور بعد ازاں بلوچستان اور پنجاب کو بھی تشخیصی کٹس فراہم کی جائیں گی۔

مزید برآں وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت 2030 تک پاکستان سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔