خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روس میں کینسر کے علاج کے لیے تیار کی گئی نئی انفرادی ویکسین ’’نیوآنکوویک‘‘ کے ابتدائی استعمال سے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔
روسی میڈیا کے مطابق جلد کے کینسر میلانوما میں مبتلا پہلے مریض نے ویکسین کے ذریعے علاج کا مکمل کورس کرلیا ہے اور گزشتہ چار ماہ کے دوران اس کے جسم میں کسی نئی رسولی یا کینسر کے پھیلاؤ کی نشاندہی نہیں ہوئی۔
روس کے گامالیا نیشنل ریسرچ سینٹر کے سائنسی سربراہ اور روسی اکیڈمی آف سائنسز کے رکن الیگزینڈر گنٹسبرگ نے بتایا کہ ویکسین حاصل کرنے والے پہلے مریض کی حالت مستحکم ہے اور وہ ڈاکٹروں کی مسلسل نگرانی میں ہے۔
روسی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں الیگزینڈر گنٹسبرگ نے کہا کہ مریض علاج مکمل کرچکا ہے اور تقریباً چار ماہ سے اس کی حالت اطمینان بخش ہے۔ ان کے مطابق تازہ طبی معائنے میں کسی نئی رسولی کی نشاندہی نہیں ہوئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ مریض میں نئے میٹاسٹیسز، یعنی کینسر کے دوسرے حصوں تک پھیلنے کے نئے آثار، سامنے نہیں آئے ہیں۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ مریض کو کینسر سے مکمل طور پر صحت یاب قرار دیا جاسکتا ہے۔
الیگزینڈر گنٹسبرگ کے مطابق مریض کا ہر ماہ تفصیلی طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔ روسی وزارت صحت کے نیشنل میڈیکل ریسرچ سینٹر آف ریڈیالوجی کے سربراہ آندرے کاپرین اس کی نگرانی کررہے ہیں۔
معائنے کے دوران انتہائی اعلیٰ ریزولوشن والے سی ٹی اسکین کیے جاتے ہیں، جن کے ذریعے لمف نوڈز سمیت مریض کے جسم میں کینسر کی ممکنہ علامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
روسی سائنسدان کے مطابق مریض کی حالت بہتر رہنے کی صورت میں آئندہ تقریباً تین سال تک اس کے باقاعدہ طبی معائنے جاری رکھے جائیں گے۔
روسی میڈیا کے مطابق ویکسین حاصل کرنے والا پہلا مریض روس کے کرسک ریجن کا 60 سالہ رہائشی ہے، جسے جلد کے کینسر میلانوما کی تشخیص ہوئی تھی۔ اسے اپریل 2026 میں روس کی تیار کردہ انفرادی ایم آر این اے ویکسین دی گئی تھی۔
اب تک چھ مریضوں کو ویکسین دی جاچکی
الیگزینڈر گنٹسبرگ نے بتایا کہ اب تک میلانوما میں مبتلا مجموعی طور پر چھ مریضوں کو نیوآنکوویک ویکسین دی جاچکی ہے۔
ان کے مطابق دوسرے مریض کا علاج تقریباً نصف مکمل ہوچکا ہے۔ ویکسین کے مکمل کورس میں دس مرتبہ دوا دی جاتی ہے، جبکہ مزید چار مریضوں کا علاج بھی شروع ہوچکا ہے۔
روسی سائنسدانوں کا منصوبہ ہے کہ 2026 کے اختتام تک ماسکو کے ہرزن آنکولوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں مجموعی طور پر 20 مریضوں کا علاج کیا جائے۔
اس کے علاوہ باشکیر اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی میں بھی ویکسین کا استعمال شروع کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، جہاں رواں سال کے اختتام سے پہلے پہلے مریض کا علاج شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
ہر مریض کے لیے الگ ویکسین تیار کی جاتی ہے
روسی میڈیا کے مطابق نیوآنکوویک ایک انفرادی ایم آر این اے ویکسین ہے، جسے ہر مریض کی رسولی کی جینیاتی خصوصیات کے مطابق الگ تیار کیا جاتا ہے۔
اس طریقہ علاج کا مقصد جسم کے مدافعتی نظام کو کینسر کے خلیات کی شناخت کرنے اور ان کے خلاف مدافعتی ردعمل پیدا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
یہ ویکسین روس کے گامالیا ریسرچ سینٹر اور نیشنل میڈیکل ریسرچ سینٹر آف ریڈیالوجی کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔
ایک مریض کے علاج پر تقریباً 70 لاکھ روبل لاگت
الیگزینڈر گنٹسبرگ کے مطابق ایک مریض کے لیے انفرادی ویکسین کی تیاری اور علاج کے مکمل کورس پر تقریباً 70 لاکھ روسی روبل مختص کیے گئے ہیں۔
روسی وزارت صحت نے 2026 اور 2027 کے دوران مجموعی طور پر 120 مریضوں کے علاج اور بعد از علاج طبی نگرانی کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق اس علاج کے لیے لازمی طبی بیمہ کے نظام کے تحت فنڈز کی فراہمی بھی شروع ہوچکی ہے۔
مکمل صحت یابی کے لیے مزید طبی نگرانی ضروری
الیگزینڈر گنٹسبرگ نے واضح کیا کہ پہلے مریض میں چار ماہ تک نئی رسولی یا کینسر کے پھیلاؤ کے نئے آثار سامنے نہ آنا حوصلہ افزا پیش رفت ہے، تاہم اسے مکمل صحت یابی کا حتمی ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا۔
ان کے مطابق کینسر سے مکمل صحت یابی کا تعین کرنے کے لیے کئی سال تک مریض کی طبی نگرانی ضروری ہوتی ہے۔
روسی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی ویکسین کے طویل مدتی نتائج اور دیگر مریضوں میں اس کی مؤثریت کا جائزہ مزید طبی مشاہدات کے ذریعے لیا جائے گا۔