پمز میں تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ حاصل کر لیا

پمز میں تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ حاصل کر لیا

 پمز ترجمان نے بتایا کہ پمز انتظامیہ نے ایف آئی اے کو ریکارڈ فراہم کر دیا ہے، پمز میں سرجیکل فضلے کی تلفی سے متعلق ایف آئی اے تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے نے مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے پمز میں چھاپہ مارا اور ایف آئی اے ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے تمام متعلقہ ریکارڈ فراہم کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ سرجیکل فضلے کی تلفی کا کام نجی کمپنی کو معاہدے کے تحت سونپا گیا تھا، ہسپتال میں سرجیکل فضلے کی مقدار تلفی کی دستیاب استعداد سے زیادہ تھی۔

ترجمان  کا کہنا تھا کہ مسئلے سے آگاہ کرنے کے لیے وزارت ماحولیات کو خط بھی لکھا تھا، معاملے کی چھان بین کے لیے پمز انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

دوسری جانب پمز ترجمان نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آئندہ چند روز میں مکمل ہونے کی توقع ہے، انکوائری رپورٹ مکمل ہونے کے بعد میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ ایف آئی اے نے پمز ہسپتال میں مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے ویسٹ فروغ کیے جانے پر سرجیکل ویسٹ اسٹور پر چھاپہ مارا اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔