اسلام آباد میں مکان سے بھاری مقدار میں حرام جانوروں کا گوشت برآمد، مقدمہ درج

اسلام آباد میں مکان سے بھاری مقدار میں حرام جانوروں کا گوشت برآمد، مقدمہ درج

فوڈ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق 16 نومبر کی رات تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے تھانہ گولڑہ کی حدود میں خفیہ اطلاع پر سیکٹر ڈی-14 میں ایک مکان پر چھاپہ مارا۔

کارروائی کے دوران موقع سے تقریباً 800 کلوگرام حرام (ممنوعہ) گوشت برآمد کیا گیا جو مبینہ طور پر گدھے اور کتوں کا تھا۔

مکان کی تلاشی کے دوران 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا، 5 زندہ کتے، 17 کچھوے، ایک گیڈر اور ایک پینگولین بھی برآمد کیے گئے۔

برآمد شدہ گوشت اور جانوروں کی ترسیل و سپلائی کا کوئی قانونی ریکارڈ، لائسنس یا ضلعی حکومت کا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔

حکام نے بتایا کہ  برآمد شدہ 800 کلوگرام حرام گوشت کو عوامی صحت کے تحفظ کے پیش نظر موقع پر ہی سائنسی طریقے سے تلف کر دیا گیا.

دوسری جانب زندہ جانوروں کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کرکے مکان کو سیل کر دیا، کارروائی کے وقت مکان میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔