روس نے الرجی کیخلاف دنیا کی پہلی جینیاتی انجینئرنگ پر مبنی ریکومبیننٹ ویکسین تیار کر لی

روس نے الرجی کیخلاف دنیا کی پہلی جینیاتی انجینئرنگ پر مبنی ریکومبیننٹ ویکسین تیار کر لی

الرجارڈا (Allergarda) نامی ویکسین روس کے وفاقی طبی و حیاتیاتی ادارے (ایف ایم بی اے) کے قومی طبی تحقیقی مرکز برائے الرجی و امیونولوجی نے تیار کی ہے۔ ویکسین کی تیاری میں آسٹریا کی ویانا میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین نے بھی تعاون کیا۔

روسی وزارت صحت نے 30 ستمبر 2026 کو نئی ویکسین کی رجسٹریشن کا اعلان کیا تھا، جبکہ 9 نومبر کو روس کی نائب وزیراعظم تاتیانا گولیکووا نے کرچاتوف انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ بین الاقوامی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ویکسین کا استعمال شروع ہونے کی تصدیق کی۔

ویکسین کن اقسام کی الرجی کے خلاف مؤثر ہے؟
روسی وزارت صحت کے مطابق نئی ویکسین خصوصی طور پر برچ نامی درخت کے زرگل یعنی پولن سے ہونے والی الرجی کی روک تھام اور علاج کے لیے تیار کی گئی ہے۔

اس قسم کی الرجی کے نتیجے میں مریضوں کو مسلسل چھینکیں، ناک بہنے، ناک بند ہونے، آنکھوں میں خارش، سرخی اور آنکھوں سے پانی آنے جیسی علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ویکسین کو برچ کے پولن سے وابستہ غذائی الرجی کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ اس نوعیت کی الرجی میں بعض مریضوں کو سیب، ناشپاتی، آڑو، چیری، آلو بخارے، مونگ پھلی اور سویابین کے استعمال سے الرجی کی شکایت ہوتی ہے۔

طبی تجربات کے حوصلہ افزا نتائج
روس کے وفاقی طبی و حیاتیاتی ادارے کی سربراہ ویرونیکا اسکوورتسووا کے مطابق ویکسین کے طبی تجربات کے دوران 2025 میں برچ کے پولن کی مقدار معمول سے کئی گنا زیادہ ہونے کے باوجود حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔

انہوں نے بتایا کہ ویکسین حاصل کرنے والے 25 فیصد مریضوں میں الرجی کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، جبکہ دیگر مریضوں میں علامات کی شدت میں چھ گنا تک کمی دیکھی گئی۔

اسکوورتسووا کے مطابق 2026 میں ہونے والے تجربات کے دوران الرجی کی علامات میں سات گنا تک کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ تمام متعلقہ مریضوں میں حفاظتی اینٹی باڈیز کی سطح میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

بین الاقوامی طبی تحقیقی جریدے ’الرجی‘ میں شائع ہونے والے پہلے اور دوسرے مرحلے کے نتائج کے مطابق ویکسین حاصل کرنے والے مریضوں میں الرجی کی علامات اور ادویات کی ضرورت کے مشترکہ پیمانے میں پلیسبو گروپ کے مقابلے میں 24.13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

تحقیق کے مطابق ویکسین کی زیادہ مؤثر خوراک حاصل کرنے والے مریضوں میں برچ کے پولن کے بنیادی الرجی پیدا کرنے والے پروٹین کے خلاف حفاظتی اینٹی باڈیز کی درمیانی سطح میں 20 گنا اضافہ دیکھا گیا۔

نئی ویکسین کیسے کام کرتی ہے؟
روسی ماہرین نے ویکسین کی تیاری میں جدید جینیاتی انجینئرنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ روایتی الرجی کے علاج میں استعمال ہونے والے مکمل قدرتی الرجی پیدا کرنے والے مادے کے بجائے نئی ویکسین میں مخصوص پروٹین کے منتخب حصے استعمال کیے گئے ہیں۔

اس طریقۂ کار کا مقصد انسانی مدافعتی نظام میں ایسی حفاظتی اینٹی باڈیز پیدا کرنا ہے جو الرجی پیدا کرنے والے مادوں کے خلاف جسم کے غیرضروری مدافعتی ردعمل کو کم کرسکیں۔

ماہرین کے مطابق نئی ٹیکنالوجی الرجی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی روایتی امیونوتھراپی کے مقابلے میں علاج کے دورانیے اور انجیکشنز کی تعداد کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

علاج کے لیے صرف پانچ انجیکشن
ویکسین تیار کرنے والے اداروں کے مطابق الرجارڈا کے علاج کا کورس پانچ انجیکشنز پر مشتمل ہے۔ ہر انجیکشن چار ہفتوں کے وقفے سے لگایا جائے گا۔

روایتی الرجی امیونوتھراپی کے بعض طریقوں میں 30 تک انجیکشنز کی ضرورت ہوتی ہے، تاہم نئی روسی ویکسین کا ابتدائی کورس پانچ انجیکشنز میں مکمل کیا جاسکے گا۔

علاج کا کورس درختوں کے پھولنے اور پولن پھیلنے کا موسم شروع ہونے سے قبل مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

60 ہزار مریضوں کو ویکسین فراہم کرنے کا منصوبہ
روس کے وفاقی طبی و حیاتیاتی ادارے کی سربراہ ویرونیکا اسکوورتسووا کے مطابق 2027 میں پولن کا موسم شروع ہونے سے قبل 60 ہزار تک مریضوں کو نئی ویکسین فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ویکسین کی صنعتی پیداوار روس میں شروع کی گئی ہے۔ روسی دوا ساز کمپنی نانولیک ویکسین کی تیاری، جبکہ کمپنی جینیریم اس کے معیار کی نگرانی کی ذمہ دار ہے۔

ویکسین کن مریضوں کو لگائی جاسکے گی؟
روسی وفاقی طبی و حیاتیاتی ادارے نے 12 نومبر کو بتایا کہ نئی ویکسین فی الحال 18 سال سے زائد عمر کے ایسے مریضوں کے لیے مخصوص ہے جن میں برچ کے پولن سے ہونے والی الرجی کی طبی تشخیص ہوچکی ہے۔

ویکسین صرف ماہر ڈاکٹر کی تجویز پر طبی مراکز میں ماہرین کی نگرانی میں لگائی جائے گی۔

طبی تجربات کے دوران ویکسین کے مجموعی حفاظتی نتائج کو اطمینان بخش قرار دیا گیا ہے، تاہم بعض مریضوں میں شدید الرجک ردعمل بھی ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث ویکسین کا استعمال طبی نگرانی میں کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

دیگر اقسام کی الرجی کے خلاف بھی تحقیق جاری
روسی سائنس دان اسی ٹیکنالوجی کی مدد سے دیگر اقسام کی الرجی کے خلاف ویکسینز تیار کرنے پر بھی کام کررہے ہیں۔

روسی قومی طبی تحقیقی مرکز برائے الرجی و امیونولوجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر والیری سمرنوف کے مطابق ایمبروسیا نامی پودے کے پولن سے ہونے والی الرجی کے خلاف بھی نئی ویکسین تیار کرنے پر کام جاری ہے، جس کے جانوروں پر ابتدائی تجربات 2027 میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

روسی ماہرین نئی جینیاتی انجینئرنگ ٹیکنالوجی کو مختلف اقسام کی الرجی کے علاج کے لیے مزید ویکسینز تیار کرنے کی بنیاد بنانے پر کام کررہے ہیں۔