پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انھیں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی سیکیورٹی مضبوط بنانے میں آئی ایس آئی کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے سیکیورٹی مضبوط کرنے میں آئی ایس آئی افسروں اور اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا اور مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع اور سیکیورٹی مضبوط بنانے کیلئے آئی ایس آئی کا کردار قابل فخر اور افسروں اور جوانوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جب آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔