پانامہ کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل کا معاملہ، سپریم کورٹ کو حساس اداروں، ایف آئی اے، نیب، سٹیٹ بینک اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے نام موصول ہو گئے۔ تحقیقاتی ٹیم آئندہ ہفتے بننے کا امکان ہے۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی کی تشکیل کا کام جاری ہے۔ ایف آئی اے، سٹیٹ بینک، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، نیب اور حساس اداروں کی جانب سے نام سپریم کور ٹ کو موصول ہو گئے۔ ناموں کی حتمی منظوری جسٹس اعجاز افضل کی بیرون ملک سے واپسی پر دئیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ای سی پی کی جانب سے مظفر مرزا، علی عظیم اور عثمان حیات کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے دیئے گئے ناموں میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیاء، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کیپٹن ریٹائرڈ احمد لطیف اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شفیق احمد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نیب کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی، ڈائریکٹر جنرل کراچی فرمان اللہ، ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ظاہر شاہ اور ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور سلیم شہزاد کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ ناموں کی حتمی منظوری جسٹس اعجاز افضل کی بیرون ملک سے واپسی پر دئیے جانے کا امکان ہے جو 30 اپریل کو وطن واپس پہنچیں گے۔