خلاصہ
- زخمیوں کی طبی امداد جاری،شدید زخمی پشاور کے سی ایم ایچ منتقل،سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کر کے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
چارسدہ:(دنیا نیوز) چارسدہ میں 5 مقامات پر دھماکوں میں 14 افراد زخمی ہو گئے،ضلع چارسدہ کے سرحد پر واقع مہمند ایجنسی کے علاقہ موصل کور میں نامعلوم افراد کی جانب سے گھر پر دستی حملہ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد زخمی ہوئے جن میں 5 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔

دوسرا دھماکہ ظریف کور میں نجی سکول کے گیٹ کے سامنے بارودی مواد پھٹنے سے ہوا،دھماکے میں سکول کا چوکیدار اور ایک طالب علم زخمی ہوئے۔

تیسرا واقعہ شبقدر میرو کلی میں پیش آیا جہاں گھر پر دستی حملہ کیا گیا جس میں مالک مکان زخمی ہوا،میرو کلی شبقدر میں دو مزید گھروں کو بھی دستی بموں سے نشانہ بنایا گیا جن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،زخمیوں کو تحصیل ہسپتال شبقدر منتقل کر دیا گیا،جہاں پر انکی طبی امداد جاری ہے،جب کہ شدید زخمیوں کو پشاور کے سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ۔

دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کر کے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ بر آمد کر لیا ہے۔