پشاور: ایم پی اے عارف یوسف کی زیرقیادت مظاہرین کا گرڈ سٹیشن پر دھاوا

Published On 28 May 2017 08:58 PM 

پشاور والے پھر بپھر گئے، ایم پی اے عارف یوسف کی زیرقیادت مظاہرین نے کوہاٹ روڈ گرڈ سٹیشن پر ہلہ بول دیا، مشتعل افراد گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہو گئے، آٹھ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے گرڈ سٹیشن کا قبضہ ختم کر دیا۔

پشاور: (دنیا نیوز) لوڈ شیڈنگ پر پی ٹی آئی کارکنوں کا صبر جواب دے گیا۔ کھلاڑی تیسرے روز بھی آپے سے باہر نظر آئے اور ایک بار پھر قومی املاک کو نشانہ بنا لیا۔ رکن خیبر پختونخوا اسمبلی عارف یوسف بھی ایم پی اے فضل الہٰی کے نقش قدم پر چل پڑے۔ ساتھیوں سمیت پشاور میں کوہاٹ روڈ گرڈ سٹیشن پر ہلہ بول دیا۔ واپڈا حکام اور مظاہرین نے مذاکرات میں آٹھ گھنٹے لوڈ شیڈنگ پر اتفاق کر لیا جس کے بعد گرڈ سٹیشن کا قبضہ ختم کر دیا گیا۔

اس سے قبل ایم پی اے فضل الہٰی نے مسلسل دو روز رحمان بابا گرڈ سٹیشن پر دھاوا بولا۔ کئی گھنٹے قابض رہے اور مذاکرات کے بعد گرڈ سٹیشن کا قبضہ چھوڑا۔

مالاکنڈ میں بھی واپڈا آفس پر دھاوا بولا گیا۔ توڑ پھوڑ، ریکارڈ، کمپیوٹرز اور فرنیچر جلایا گیا۔ زیرحراست وزیر اعلیٰ کے مشیر شکیل خان اور ایم این اے جنید اکبر کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔