قومی اسمبلی میں ن لیگ اور اتحادیوں کو واضح اکثریت حاصل ہے، شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن کے 3 امیدوار میدان میں ہیں۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے چناؤ کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گیا، قومی اسمبلی کی مہمانوں کی گیلری کھچا کھچ بھر گئیں، گیلریز میں وزرائے اعلیٰ بلوچستان، گلگت بلتستان، گورنرسندھ، سینیٹرز، غیر ملکی سفیر، اعلیٰ سول حکام اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن کے 3 امیدوار میدان میں ہیں، قومی اسمبلی میں ن لیگ اور اتحادیوں کو واضح اکثریت حاصل ہے، 223 ارکان کی حمایت سے شاہدخاقان کا وزیراعظم منتخب ہونا یقینی ہے، تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر بھی کسی امیدوار کو کامیاب کرانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ، نوید قمر پیپلز پارٹی اور صاحبزادہ طارق اللہ جماعت اسلامی کے امیدوار ہیں۔
خیال رہے وزیر اعظم کا انتخاب ایوان کی تقسیم اور اوپن بیلیٹنگ کے طریقہ کار کے تحت ہوگا۔ ایوان میں مختلف لابیز بنائی جائیں گی اور حامی اراکین قطار میں نام درج کرواتے ہوئے اپنے امیدوار کی لابی میں چلے جائیں گے، ووٹوں کی گنتی کے بعد ایوان کی گھنٹیاں پھر سے بجیں گی، اجلاس کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر وزارت عظمی کے لیے کامیاب امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔