نامعلوم افراد نے نامعلوم دہشت گردوں کی ایما پر دھماکہ کیا، دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا، ایف آئی آر دہشت گردی ایکٹ، ایکسپلوزیو ایکٹ، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کی گئی ہے: متن
لاہور: (دنیا نیوز) سگیاں ٹرک دھماکے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی، ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے جبکہ دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا درج کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس کے انسپکٹر عابد کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سگیاں ٹرک دھماکے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہونے بارے درج کیا گیا ہے۔ متن میں لکھا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے نامعلوم دہشت گردوں کی ایما پر دھماکہ کیا، دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ ایف آئی آر دہشت گردی ایکٹ، ایکسپلوزیو ایکٹ، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، کھڑے ٹرک میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 39 زخمی
واضح رہے لاہور میں آؤٹ فال روڈ پر کھڑے ٹرک میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 39 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے درو دیوار لرز اٹھے، شیشے ٹوٹ گئے اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے میں پندرہ سے بیس کلو بارود استعمال ہوا، دھماکے کی جگہ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جاں بحق شخص کی عمر 40 سے 45 سال ہے جبکہ اس کا تعلق کامونکی سے تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشاف ہوا ہے۔ ٹرک ہفتے کی صبح کھڑا کیا گیا، نیچے بارود اوپر خوبانی رکھی گئی۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو مل گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک چوری کا لگتا ہے۔