ڈی جی خان میں ڈگریاں مانگنے والے طلبا پر پولیس ٹوٹ پڑی، کئی طلباء کو حراست میں لے لیا، طلباء کے موٹر سائیکل اور موبائل بھی قبضہ میں لے لئے گئے۔ طلباء انڈس یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کر رہے تھے۔
ڈی جی خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ غازی خان میں انصاف کے طلبگاروں کو ڈنڈے پڑ گئے۔ انڈس یونیورسٹی کے طلباء کو پولیس نے اس وقت دھو کر رکھ دیا، جب وہ تعلیم کے نام پر کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
اس سے قبل طلباء نے ایچ ای سی سے الحاق نہ ہونے اور ڈگریاں نہ ملنے کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج میں تحریک انصاف کی رہنماء زر تاج گل نے بھی حصہ لیا جبکہ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے پل ڈہاٹ کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کر دیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کر یونیورسٹی کے مالک وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبد الکریم کے خلاف ڈگری دو یا ہتھیار دو کے شدید نعرے بھی لگائے۔ طلباء کا کہنا ہے کہ بھاری فیسیں ادا کرنے اور تعلیمی سال پورا کرنے کے بعد بھی ڈگریاں نہ ملیں، ذمہ داری لینے کو بھی تیار نہیں۔