وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کراچی میں بارشوں سے عوام کی مشکلات کا نوٹس، فوج اور رینجرز سمیت تمام اداروں کو اپنے وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فوج، رینجرز، این ایچ اے، کے پی ٹی اور وزارت پورٹ اینڈ شپنگ سمیت تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کراچی کی سڑکیں کلیئر اور مواصلات کا نظام فوری بحال کرایا جائے۔ وزیر اعظم نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، تمام وسائل یکجا کر کے شاہراہوں کو صاف کیا جائے اور شہر اور دیگر علاقوں کا مواصلاتی نظام بحال کیا جائے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کا ملک کے دوسرے حصوں سے بلاتعطل رابطہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو تمام ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔