موذی مرض اب تک 17 جانیں لے چکا ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے ڈینگی کیخلاف ایمرجنسی نافذ ہونے کے باوجود مرض پر قابو نہیں پایا جاسکا۔
پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، پیر اور منگل کی درمیانی شب اس موذی مرض نے ایک اور جان لے لی، خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے لیب ٹیکنیشن اقبال کی اہلیہ 45 سالہ فاطمہ ڈینگی کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئیں، صوبہ بھر میں اب تک ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیڑھ ماہ کی تاخیر کے بعد صوبے میں 60 روز کیلئے یکم ستمبر کو ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی تاہم ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد بھی 5 افراد جان سے جا چکے ہیں، وزیر صحت شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ حکومت اس موذی مرض سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ڈینگی رسپانس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں موجود ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 406 ہے۔