پی ٹی آئی کا ڈار کے استعفے کا مطالبہ، 'کیوں نکالا' کے جواب میں آگہی مہم کا اعلان

Published On 27 Sep 2017 06:36 PM 

تحریک انصاف متحد اور منظم، حکومت بریک ڈاؤن کی سٹیج پر ہے، اسحاق ڈار نے بتانا ہے کہ ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا، فواد چودھری کا بیان، کہتے ہیں ایم کیو ایم کو اپنے مفاد میں فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے، شریف فیملی کی 16 کمپنیوں میں 3 ہزار کروڑ کی ٹرانزیکشن ہوئی۔

اسلام اباد (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فواد چودھری نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے فوری انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔ فواد چودھری نے احتساب عدالت کے اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب انہوں نے ثابت کرنا ہے کہ ان کے پاس راتوں رات پیسہ کہاں سے آیا۔

اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معالمے پر انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں اس معاملے پر مشاورت جاری ہے، جونہی مشاورت کا عمل مکمل ہو گا ہم سری جماعتوں کے پاس بھی جائیں گے، تحریک انصاف مکمل طور پر منظم اور متحد ہے، سب کو پتا ہے کہ اگلا وزیر اعظم عمران خان ہے۔

نواز شریف سے متعلق انکا کہنا تھا کہ نواز شریف احتساب عدالت میں صرف 5 منٹ کے لئے پیش ہوئے، انہوں نے اپنی ضمانت بھی نہیں کرائی، اچانک مریم کے اکاؤنٹ میں 88 کروڑ آ جاتے ہیں، ان سے پوچھا جائے تو کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔