ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات کے بعد امریکی حکام کا دورہ پاکستان، امریکی صدر کی نائب معاون برائے جنوبی ایشیاء لیزا کرٹس کی سربراہی میں وفد نے وزیر خارجہ خواجہ آصف سے ملاقات کی، سیکرٹری خارجہ کی سربراہی میں پاکستانی ٹیم سے مذاکرات کئے۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر کی نائب معاون لیزا کرٹس سے مذاکرات میں سیکرٹری خارجہ نے افغانستان سے متعلق پاکستان کا مؤقف دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے مسئلہ کا سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے او اس مقصد کیلئے کسی بھی علاقائی اور دو طرفہ مذاکراتی عمل میں بھرپور شرکت کرے گا۔
تہمینہ جنجوعہ نے امریکی وفد کو پاکستان کی انسداد دہشتگردی مہم اور افغان سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ امریکی وفد کو بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور پاکستانی پیشکش کے باوجود جامع مذاکرات سے بھارت کا انکار علاقائی استحکام کے لئے خطرہ ہے۔