لاہورسمیت پنجاب میں دھند کا اثر کم، ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن جزوی بحال

Published On 11 Nov 2017 09:28 AM 

موٹر وے بھی ٹریفک کے لئے کھول دی گئی، سموگ کے وار پر قدرت مہربان، محکمہ موسمیات نے پیر سے بادل برسنے کی پیش گوئی کر دی۔

 لاہور: (دنیا نیوز) لاہورسمیت پنجاب میں دھند کا اثر کم ہونے سے ائرپورٹس پر فلائٹ آپریشن جزوی بحال ہو گیا، موٹر وے بھی کھول دی گئی، سموگ کے وار پر قدرت مہربان، پیر سے بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا اثر کم ہونے سے ائرپورٹس پر فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا ، موٹر وے پربھی ٹریفک کی روانی شروع ہو گئی۔علامہ اقبال ائرپورٹ پر رات بھر فلائٹ آپریشن بند رکھنے کے بعد صبح کھول دیا گیا۔

دوسری طرف محکمہ موسمیات نے سموگ اور فوگ سے جان چھوٹنے کی خوشخبری سنا دی ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے پیر سے بدھ کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا اور اسلام آباد میں بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ملتان، فیصل آباد اور بہاولپور میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بادل برسیں گے۔ بارش کے باعث سموگ بھی بتدریج ختم ہو جائیگی تاہم سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔