پنجاب میں دھند اور سموگ سے نظام زندگی معطل

Published On 12 Nov 2017 09:24 AM 

متعدد مقامات پر موٹر وے بند ، ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ، پنجاب میں منگل سے بارش کی پیشگوئی

لاہور (دنیا نیوز ) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند نے راستوں کو دھندلا دیا ، موٹر وے پر ٹریفک کی روانی اور ائیرپورٹس پر پروازیں کا شیڈول متاثر رہا ، ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر کے باعث مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے آج رات سے سندھ اور بلوچستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔
پنجاب میں منگل کو رم جھم کا امکان ہے ۔ پنجاب بھر میں دھند ہی دھند آج بھی صبح کے وقت معمولات زندگی سست روی کا شکار نظر آئے ۔ لاہور میں بھی دھند نے ہر چیز کو دھندلائے رکھا ۔ علامہ اقبال ائرپورٹ پر رات بھر فلائٹ آپریشن متاثر رہا ، دیگر بڑے شہروں کے ائرپورٹس پر بھی یہی صورتحال رہی ۔ دھند کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت تاخیر کا شکار رہی ۔
مسافر پریشانی سے دوچار رہے ۔ دھند کے باعث موٹر وے پر آج بھی ٹریفک کے مسائل رہے ، کئی سیکشنز کو بند کیا گیا ۔ نیشنل ہائی وے پر بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے آج رات اور سوموار سے سندھ اور بلوچستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔ پنجاب میں منگل کو رم جھم کا امکان ہے ۔