لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں آج بھی دھند، ٹریفک کی روانی متاثر

Published On 13 Nov 2017 10:11 AM 

محکمہ موسمیات نے پیر سے بدھ کے دوران لاہور سمیت بالائی پنجاب میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور اور اس کے گر دو نواح میں دھند نے بدستور ڈیرے جما رکھے ہیں اور اس دھند کے باعث لوگوں کے معمولات بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

لاہور موٹروے کے کئی سیکشنز کو حدنگاہ انتہائی کم ہونے پر بند کر دیا گیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھی شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہے، ائرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت معطل ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دھند کے باعث ریلوے کا نظام بھی شدید متاثر ہے۔ لاہور ریلوے سٹیشن سے جانے والی 6 جبکہ لاہور آنے والی 7 گاڑیوں کو کئی گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے پیر سے بدھ کے دوران لاہور سمیت بالائی پنجاب میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔