اعلیٰ تعلیم: ایچ ای سی کا 5 ممالک پر مشتمل بلاک بنانے کا فیصلہ

Published On 21 Nov 2017 08:57 PM 

طلبہ اساتذہ کے لئے تبادلہ پروگرام اور سکالرشپس کا بھی اجرا کیا جائے گا۔ پاکستان انڈونیشیا، ملائشیا، ترکی، ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت ہوگی.

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ایچ ای سی نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے 5 ممالک پر مشتمل بلاک تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا۔ ابتدائی طور پر پانچوں ممالک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرینگے۔ جامعات کے طلبہ و طالبات سمیت اساتذہ کیلئے تبادلہ پروگرام اور سکالرشپس کا اجرا کیا جائے گا۔ ایچ ای سی کے باوثوق ذرائع کے مطابق پاکستان نے انڈونیشیا، ملائیشیا، ترکی اور ایران کیساتھ مل کر 5 ممالک کا بلاک تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا بنیادی مقصد بلاک میں موجود ممالک میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے چاروں ممالک کے اعلیٰ حکام سے رابطہ ہو چکا ہے۔ امید ہے آئندہ ماہ پانچوں ممالک کے حکام ترکی میں ملاقات کر کے بلاک کو باقاعدہ طور پر تشکیل دینے کا اعلان کرینگے۔ علاوہ ازیں کوالٹی انشورنس، سٹارٹ اپ ریسرچ گرانٹ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، ٹریول گرانٹ، مشترکہ ریسرچ، پروفیشنل ڈویلپمنٹ پرو گرام، ٹیکنالوجیکل سپورٹ، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور دیگر امور کی بہتری کیلئے بھی مل کر پالیسی بنائی جائیگی۔