وزیرِ داخلہ زرعی ڈائریکٹوریٹ حملے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پہنچ گئے۔ جاں بحق افراد کے ورثا کو دس، دس جبکہ زخمیوں کو پانچ، پانچ لاکھ روپے کی امداد کا اعلان بھی کر دیا۔ اس سے پہلے انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والے سیکیورٹی اجلاس میں بھی شرکت کی۔
پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال نے زرعی ڈائریکٹوریٹ حملے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ گورنر خیبر پختونخوا اور انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔ انہوں نے دہشتگرد حملے کے شہدا اور زخمیوں کیلئے امداد کا اعلان بھی کیا۔
اس سے پہلے گورنر ہاؤس پشاور میں سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس کا ہوا جس میں وزیرِ داخلہ، گورنر خیبر پختونخوا اور انجینئر امیر مقام سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑا نقصان نہیں ہوا۔ دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔