قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کا اعلان مسلم امہ پر حملہ ہے، ٹرمپ انتظامیہ اپنا فیصلہ فوری واپس لے، ایوان نے مذمتی قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد وفاقی وزیر برجیس طاہر نے پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنا عالمی قوانین اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز کی خلاف ورزی ہے اور یہ ایوان امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کو مسلم امہ پر حملہ سمجھتا ہے، فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔
پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اعلان سے پوری دنیا میں بھونچال آ گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے نوید قمر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اقدام ایک گریٹ گیم کا حصہ ہے، امریکی صدر نے مسلم دنیا کے انتشار سے فائدہ اٹھایا، حکومت او آئی سی کو متحرک کرے۔