امریکی سفارتخانے کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کیخلاف شہر شہر احتجاج

Published On 07 Dec 2017 11:21 PM 

ٹرمپ نے عالم اسلام پر حملہ کر دیا، قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی، سینیٹ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قراردادیں جمع کرا دی گئیں، لاہور، کراچی اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے، جماعت اسلامی نے بھی ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔

لاہور: (دنیا نیوز) امت مسلمہ نے امریکی سفارتخانے کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔ ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف پاکستان میں بھی احتجاج شروع کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔

امریکی فیصلے کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا فیصلہ نہیں مانیں گے۔ لاہور، کراچی، راولپنڈی اور فیصل آباد سمیت متعدد شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ سکھر، اوکاڑہ، بہاولپور اور کوئٹہ میں مظاہرین نے امریکی جھنڈے نذرآتش کئے۔

مظفر آباد، میرپور، کوٹلی، باغ اور نیلم سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ جماعت اسلامی نے بھی آج احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کہتے ہیں جمعہ کے روز ملک بھر میں مظاہرے کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی: ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق فیصلے کیخلاف قرارداد منظور

 

قومی اسمبلی نے ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی اور ٹرمپ انتظامیہ سے فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ سینیٹ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی مذمتی قراردادیں جمع کرا دی گئیں۔