ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں وکلا کی گزشتہ روز ہنگامہ آرائی کے بعد کولے کوٹ والوں نے کچہری چوک پر احتجاجی دھرنا دیا اور درجنوں وکلا نے پولیس کو گرفتاریاں بھی دیں۔
گزشتہ روز کے ہنگامے کے بعد پولیس کیجانب سے 39 وکلا کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم زبردستی گرفتاری دینے والے 20 وکلا کو پولیس نے تھانہ چہلیک منتقل کر دیا۔
ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کے الیکشن قریب ہونے کے باعث وکلا قائدین نے نہ صرف ہنگاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ درجن بھر وکلا کیساتھ گرفتاریاں بھی دیں تاہم کچہری چوک پر دھرنے دینے والے سینکڑوں وکلا نے نعرے بازی کی اور راستہ مانگنے پر راہگیروں کو تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے۔
احتجاجی وکلا کا کہنا ہے جوڈیشل کمپلکس کی پرانی کچہری میں منتقلی اور گرفتار وکلا کی رہائی تک انکا یہ احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔ وکلا کے احتجاج کے باعث ہائکورٹ اور دسٹرکٹ کورٹ میں کیسز پر سماعت نہ ہوسکی جس سے سائلین بھی پریشان ہیں۔