چیئرمین کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے، حکومت فوری طور پر میرٹ اور قوانین کے مطابق نئی تعیناتی کرے: عدالت
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ابصار عالم کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی کالعدم قرار دیدی۔ جسٹس شاہد کریم نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ چیئرمین پیمرا کو میرٹ سے ہٹ کر تعینات کیا گیا، چیئرمین پیمرا کی تعیناتی شفاف طریقے سے نہیں ہوئی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے، حکومت فوری طور پر میرٹ اور قوانین کے مطابق نئی تعیناتی کرے۔
لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد چئیرمین پیمرا نے عہدہ چھوڑ دیا pic.twitter.com/vMlrycHqgs
— Report PEMRA (@reportpemra) December 18, 2017
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیمرا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے چیئرمین پیمرا ابصار عالم فوری طور پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔
شہری منیر احمد نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ ابصار عالم کو چیئرمین پیمرا تعینات کرنے کے لیے دو مرتبہ اخبار اشتہار جاری کیے گئے۔ پہلے اشتہار کے مطابق ابصار عالم چیئرمین پیمرا کے عہدے کے لیے تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔ ابصار عالم کو تعینات کرنے کے لیے دوبارہ کم تعلیمی قابلیت کا اشتہار جاری کیا گیا۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست گزار کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔ واضح رہے عدالت نے تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد 29 نومبرکو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔