'پاکستان کلبھوشن سے ملاقات کو بھارت مخالف پروپیگنڈے کیلئے استعمال کر رہا ہے'

Published On 28 Dec 2017 05:43 PM 

بھارت کو عزت راس نہیں آئی، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان نے بھارتی جاسوس کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرائی لیکن بھارت نے اسے نیا ہی رنگ دے دیا، لوک سبھا کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سکیورٹی کی وجہ سے اتروائے گئے جوتوں اور کپڑوں کا رونا روتی رہیں۔

 نئی دہلی: (دنیا نیوز) کلبھوشن نے اپنا اصل چہرہ اپنی ماں کو دکھایا تو بھارت کے تن بدن میں آگ لگ گئی۔ اپنے ہی دہشتگرد شہری کے منہ سے سچ نکلا تو اسے جھوٹ قرار دینے کی وہی مکروہ حرکت شروع کر دی۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو دہشتگرد سے اس کی فیملی کی ملاقات تو نظر نہ آئی البتہ کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کے جوتوں اور کپڑوں کا راگ الاپتی رہیں۔

لوک سبھا میں کلبھوشن سے اس کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کے حوالے سے سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان کلبھوشن سے اس کے اہلخانہ کی ملاقات کو ہمارے خلاف پروپیگنڈے کیلئے استعمال کر رہا ہے، ملاقات کے دوران کلبھوشن تناؤ کا شکار تھا اور اس نے وہی کہا جو اسے کہنے کو کہا گیا تھا، کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو پاکستان میں ہراساں کیا گیا جب کہ اس کی والدہ اور اہلیہ کے کپڑے تک تبدیل کروائے گئے اور سہاگنوں کو بیواؤں کی طرح ملاقات کیلئے لے جایا گیا۔

سشما سوراج نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کو دوسرے دروازے سے لے جایا گیا اور ڈپٹی ہائی کمشنر کو کچھ دیر بعد اندر جانے دیا گیا، والدہ مراٹھی میں بات کرنا چاہتی تھیں جو نہ کرنے دی گئی اور انٹرکام بند بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس ملاقات کی اجازت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی تھی مگر ملاقات کے انتظامات سے انسانیت اور خیر سگالی غائب تھی۔
بھارتی وزیر خارجہ نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق کلبھوشن کی بیوی کے جوتوں میں موجود میٹل سم کی موجودگی سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کہاجاتا ہے جوتے میں کیمرہ تھا، کبھی کہتے ہیں ٹرانسمیٹر تھا، کبھی کہتے ہیں اس میں ریکارڈر تھا، کلبھوشن کی بیوی اور ماں ایئر انڈیا کی پروازکےذریعے پہلے نئی دلی سے دبئی اور پھر ایمریٹس ایئر لائنز سے اسلام آباد پہنچیں، اگر ان کے جوتوں میں ایسا کچھ تھا تو ایئر پورٹس پر کیوں نظر نہیں آیا اور پاکستان نے بھی اسے میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا۔ چیتنا کے جوتے جو واپس نہیں کیے اس سے بھارت کے یہ شکوک سچ میں بدل رہے ہیں کہ پاکستان جوتے کے معاملے پر کوئی پروپیگنڈا کرنے والا ہے۔

کلبھوشن کی اہلیہ کے جوتوں میں چپ کا انکشاف ہونے کی تحقیقات جاری ہیں۔ جاسوس دہشت گرد کا ملک یہاں بھی جاسوسی سے باز نہ آیا۔ مکار دشمن کی چال بے نقاب ہوئی تو اپنا چہرہ چھپانے کے لئے چور مچائے شور کی عملی مثال بن گیا۔

یہی نہیں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق وزیر سبھرامنیم سوامی بھی منہ سے آگ نکالنے میں کسی سے کم نہیں۔ یہاں تک کہہ دیا کہ بھارت جنگ کی تیاری کرے، پاکستان سے جنگ ناگزیر ہو گئی ہے۔