ایف آئی اے کے درخواست پر وزارت داخلہ نے ریڈ وارنٹ کے اجرا کی منظوری دی، ریڈ وارنٹ جاری ہوتے ہی تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے پاکستان لایا جائے گا۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس میں ایم کیو ایم لندن کے تین اہم رہنماوں کے ریڈوارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی، ایف آئی اے انٹرپول سے رابطہ کرے گا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری خط کے مطابق ایف آئی اے کو عمران فاروق قتل کیس میں مطلوب ایم کیو ایم لندن کے تین رہنمائوں کے ریڈوارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ان میں انور حسین، افتخار حسین اور کاشف خان کامران شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے وزارت داخلہ سے ریڈ وارنٹ کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ وارنٹ کے اجراء کی اجازت ملنے کے بعد ایف آئی اے نے فرانس میں انٹرپول ہیڈ کوارٹر سے رابطے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انٹرپورل کی جانب سے توثیق ہونے کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے پاکستان لایا جائے گا اور کیس میں شامل تفتیش کیا جائے گا۔
خیال رہے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں گزشتہ سماعت پر ایف آئی کی جانب سے عمران فاروق قتل کیس کا چالان جمع نہ کرائے جانے کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ جس پرعدالت نے ناراضگی کا اظہار کیا اور ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک مکمل چالان جمع کرانے کا حکم دیا۔ گرفتار تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع کی گئی۔
یاد رہے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما عمران فاروق کو ستمبر 2010 میں گرین لین کے علاقے میں اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ کام سے گھر کی طرف آ رہے تھے۔