اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارا کوئی اتحاد نہیں ہے، امریکہ کا پاکستان کیساتھ رویہ اتحادیوں والا نہیں، امداد کی معطلی کے بعد امریکہ سے اتحاد کو ختم سمجھتا ہوں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تنہاء نہیں، دوسرے اتحادیوں کے آپشنز موجود ہیں، پاکستان نے افغانستان میں امریکی جنگ کا حصہ بن کر غلطی کی، امریکی جنگ کی وجہ سے پاکستان میں دہشتگردی نے جنم لیا لیکن امریکہ نے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف نہیں کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلق ستمبر 2001ء سے قائم تھا، باہمی تعلقات ایبٹ آباد آپریشن کے بعد کشیدہ ضرور ہوئے مگر ختم نہیں ہوئے تھے، اب امریکہ افغانستان میں شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔