بھارتی جاسوس پاکستان میں را ایجنٹ کے طور پر کام کرتا رہا ، مودی سرکار نے سچائی کا سامنا کرنے کی بجائے اخبار سے خبر ہٹوا دی
لاہور (دنیا نیوز ) کلبھوشن یادیو بھارتی جاسوس ہے، بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا، بھارتی اخبار The Quint نےجاسوس کے بارے میں پاکستان کا ایک ایک حرف سچ قرار دے دیا، سچائی مودی سرکار سے برداشت نہ ہوئی تو اس نے خبر ہٹوا دی اور صحافی کو غائب کر دیا گیا۔ کلبھوشن یادیو بھارتی جاسوس ہی ہے اور وہ پاکستان میں راکے ایجنٹ اور جاسوس کے طور پر کام کرتا رہا،
بھارتی اخبار The Quint نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے پاکستانی موقف کو تسلیم کرلیا۔ اخبار نے بھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب سے کلبھوشن کی بطور جاسوس بھرتی اور پھر گرفتاری تک کا حال چھاپ دیا۔ اخبار کے مطابق کلبھوشن کو راکے اعلیٰ افسروں نے بھرتی کیا، ایران پاکستان ڈیسک کے بھارتی افسران کلبھوشن کی تعیناتی میں معاون ثابت ہوئے، رپورٹ کے مطابق کلبھوشن نے خفیہ معلومات کا تبادلہ ذاتی دوروں کے بجائے سیٹلائٹ کے استعمال سے کیا۔ اخبار نے مزید لکھا کلبھوشن کو بطور جاسوس تعینات کرنے پر را کے 2 اعلیٰ افسران کو تحفظات تھے،
"را" سربراہان کے مطابق کلبھوشن پاکستان میں جاسوسی کی اہلیت نہیں رکھتا تھا، The Quint نے رپورٹ میں بتایا کہ کلبھوشن یادیو کے پاکستان میں پکڑے جانے کے بعد را کے دو اہلکاروں نے ممبئی میں اس کے والدین کو دھمکیاں دیں کہ وہ اپنے بیٹے کے کیس کے بارے میں کسی سے گفتگو نہ کریں۔ بھارتی اخبار کا سچ مودی سرکار سے برداشت نہ ہوا، مودی سرکار کے دباؤ کے بعد اخبار نے خبر ہٹا دی۔