لاہور: (دنیا نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اپوزیشن کے احتجاج میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کراچی والوں کو بھی تکلیف ہوئی، ظلم پر خاموش رہتے تو ظالموں کے ساتھی کہلاتے۔
لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں دن دیہاڑے لوگوں کو گولیاں مارکر قتل کیا گیا، لاہور کے لوگوں کو گولیاں لگیں اس کے اثرات کراچی تک گئے ہیں، کراچی کے لوگوں کو بھی تکلیف ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کی دعوت پر جلسے میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی میں اگر کسی کو تکلیف ہو تو پورے ملک کو محسوس کرنا چاہیے۔