پشاور: (دنیا نیوز) اے این پی نے مردان میں احتجاج کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ شہباز شریف اور امیر مقام نے عمران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بلاول بھٹو نے بھی مردان واقعے کی مذمت کی۔
مردان میں 4 سالہ بچی کو درندگی کا شکار بنانے کیخلاف اے این پی سڑکوں پر آ گئی۔ مردان میں واقعے کے خلاف اے این پی نے احتجاج کیا اور انصاف دو، انصاف دو کے نعرے لگائے۔ مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ضلعی ناظم نے اس موقع پر کے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ادھر وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی مردان واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور عمران خان سے سوال کیا کہ وہ مردان کی اسماء کے گھر کیوں نہیں جاتے؟ کیا دھرنے والے بچی کیلئے ہاتھ اٹھائیں گے۔ لیگی رہنما امیر مقام بھی عمران خان پر خوب برسے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مردان میں 4 سالہ بچی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل کا واقعہ گھناؤنا جرم ہے۔ قصور اور مردان میں معصوم بچیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے۔