لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم آئین کو پامال کرنے والی سلطنت شریفیہ کو توڑنا چاہتے ہیں۔
اپنے دھواں دار خطاب میں طاہر القادری نے کہا کہ آج قومی اور مذہبی قیادت تکریم انسانیت کیلئے جمع ہوئی ہے، آج کمزوروں کو طاقت دینے کیلئے سب جمع ہوئے ہیں۔ میرا مقصد کوئی عہدہ حاصل کرنا نہیں، چاہتا ہوں کہ کمزوروں کو آواز ملے لیکن پاکستان میں اس وقت انسانی حقوق کچلے اور قومی خزانہ لوٹا جا رہا ہے۔ نئے دور کے مجیب الرحمان سے ملک کو بچانا ہو گا، سلطنت شریفیہ نے آئین کو پامال کیا، ہم سلطنت شریفیہ کو توڑنا چاہتے ہیں۔
طاہر القادری نے مزید کہا کہ ہم قانون ہاتھ میں لیتے تو آپ کا جاتی امراء سے نکلنا مشکل ہو جاتا لیکن ہم آئین اور جمہوریت کی اصل شکل کی بحالی چاہتے ہیں، میں نے ہمیشہ دنیا میں امن کا پیغام پھیلایا، ہم چاہتے ہیں کہ ملک کا قانون سب کیلئے ایک جیسا ہو، شہباز شریف نے 14 بے گناہ لوگوں کو قتل کرایا، پولیس عوام کی محافظ بننے کی بجائے جان لینے والی بن گئی ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ آج سلطنت شریفیہ کے جرائم کے خلاف جمع ہوئے ہیں، 750 ارب صرف پنجاب پولیس کو دیئے گئے ہیں، پنجاب پولیس نے جاتی امراء کو تحفظ دیا، عوام کو نہیں، شریف برادران رہے تو ملک میں جمہوریت اور خوشحالی نہیں آئے گی۔
طاہر القادری نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف مجیب الرحمان کو اپنا نظریاتی قائد مانتے ہیں، نواز شریف نریندر مودی کو اپنا دوست مانتے ہیں، ہم جمہوریت کی حقیقی روح بحال کرنا چاہتے ہیں، ظلم برداشت کرنے والی قوموں کو تاریخ بھول جاتی ہے۔
طاہر القادری نے یہ بھی کہا کہ ہم نے دھرتی کو ظلم سے بچانا ہے، یہ لوگ فوج کیخلاف نیوز لیکس کرتے ہیں، شیخ مجیب الرحمان کو اپنا نظریاتی قائد مانتے ہیں، نریندر مودی کو اپنا یار مانتے ہیں جبکہ ہم جمہوریت کی حقیقی روح کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلطنت شریفیہ کا نون لیگ سیاسی لشکر ہے، انہوں نے بھٹو، محترمہ اور عمران خان کی بدترین کردارکشی کی، انہوں نے سیاسی مخالفین کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے اور دہشتگردی کا کلچر متعارف کرایا۔
طاہر القادری نے مزید کہا کہ سسلین مافیا اور گاڈ فادر حکومت نہیں بنا سکے تھے، یہ سیسلن مافیا اور گاڈ فادر سے بھی آگے نکل گئے ہیں، انہوں نے اقتدار کو لوٹ مار کا ذریعہ بنایا ہے، آج کا اجتماع جمہوری جد و جہد کی ابتداء ہے۔