فیصل آباد: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی دہشتگردوں کے نشانے پر ہے، حساس اداروں کی رپورٹس پر سکیورٹی انتظامات کئے گئے، طاہر القادری اور ان کے حامیوں کا ایجنڈا عدم استحکام اور انتشار پھیلانا ہے۔
صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 27 جنوری کو میاں نواز شریف جڑانوالہ میں جلسے سے خطاب کریں گے، جڑانوالہ کا جلسہ تاریخی ہو گا، قادری صاحب کے جلسے میں سب لعنتی ایک سٹیج پر اکٹھے بیٹھے تھے، جلسے کی خالی کرسیاں بھی قادری اور اس کے حامیوں پر لعنت بھیج رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ طاہر القادری اور ان کے حامیوں کا ایجنڈا عدم استحکام اور انتشار ہے، انہوں نے ساڑھے 4 سال صرف انتشار کی سیاست کی، وہ سانحہ ماڈل ٹاون کے نام پر سیاست چمکا رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی دہشتگردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے ان کی فیملیز دہشتگروں کے نشانے پر ہیں، حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق شریف فیملی کے ارکان کو جان کا خطرہ ہے، پنڈی کا شیطان استعفے کے اعلان کے بعد نظر نہیں آیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی ایسی ایجنسی یا ادارہ نہیں جو قصور واقع کی تحقیقات میں شامل نہیں، زینب کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے اور زینب کے قاتل کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔