کراچی: (دنیا نیوز) پاک سرزمین پارٹی کا ابوالحسن اصفہانی روڈ پر یوتھ کنونشن منعقد ہوا۔ چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ متحدہ بانی کے ساتھ اختلاف کی سزا موت ہوتی تھی، 22 سال کی سازشوں کو ناکام بنایا، پی ایس پی کا ہدف صرف پارلیمنٹ میں جانا نہیں، سیاست کرنا میری مجبوری نہیں ہے، میں آج ان لوگوں میں بیٹھا ہوں جو میرے اپنے ہیں اور میں آپ لوگوں کے لئے قربانیوں دے رہا ہوں۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کراچی کے بدخواہ چاہتے ہیں کہ یہاں کے لوگ بٹے رہیں، ہم نے 22 سالہ سازشوں کو ناکام کر دیا، الطاف حسسین تو را کا ایک چھوٹا سا مہرہ تھا، میں تو مارچ 2018ء تک سینیٹر تھا لیکن ہم نے صحیح اور غلط میں فیصلہ کیا ہے، پی ایس پی کا ہدف صرف پارلیمنٹ میں جانا نہیں، اراکین اسمبلی اپنی رکنیت چھوڑ کر شامل ہوئے، کراچی والوں کے پاس پی ایس پی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ گلی کوچوں میں کام کرنے والے لوگ ہیں، ووٹ مانگنے والوں کے پاس عوام کے سوالوں کا جواب نہیں ہو گا، میں نے اور میرے ساتھیوں نے نقصان کر کے اچھا کام شروع کیا، پی ایس پی کے علاوہ آپ کے پاس کراچی میں کوئی آپشن نہیں ہے، یہ بات میں دعوے سے کہتا ہوں۔