اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہو گی یا نہیں؟ چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 30 جنوری کو معاملہ کی سماعت کریگا۔ عدالتی فیصلہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پارلیمانی سیاست میں مستقبل کا بھی بالواسطہ تعین کرے گا۔
5 رکنی لارجر بینچ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کے علاوہ جسٹس عظمت سعید، جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں جو جعلی ڈگری پر نااہل ہونے والے سابق ارکان اسمبلی کی درخواستوں پر مقدمے کی سماعت کریگا۔
سپریم کورٹ نے جعلی ڈگریوں والے ارکان پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق کیا تھا۔ اراکین نے 62 ون ایف پر نااہلی کی مدت کی تشریح کے لئے درخواستیں دائر کیں جنہیں سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی اسی آرٹیکل کے تحت نااہل قرار دیا تھا۔