جماعت اسلامی کی جانب سے شہریوں کیلئے نادرا کے 15 میگا اور دس موبائل سینٹرز بنانے کا مطالبہ
کراچی (دنیا نیوز ) کراچی کے شہریوں کو شناختی دستاویزات کے لیے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جماعت اسلامی نے نادرا کو الٹی میٹم دے دیا کہ ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو نادرا ہیڈ کوارٹر کا گھیراؤ کریں گے۔ نادرا کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کےخلاف جماعت اسلامی نے کراچی میں احتجاج کیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا کہ شہر میں نادرا کے پندرہ میگا سینٹر اور دس موبائل سینٹر فوری شروع کیے جائیں۔
بند کیے گئے مراکز کی بحالی سمیت پچاس نئے مراکز کھولنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ حافظ نعیم نے متنبہ کیا کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو بیس فروری کو نادرا کے ہیڈ کوارٹر کا گھیراؤ کرینگے۔ حافظ نعیم نے کے الیکٹرک کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کے الیکٹرک قبلہ درست کرلے، یہ نہ سمجھے کہ ہم نے پیچھا چھوڑ دیا۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی کے مینڈیٹ کا دعویٰ کرنےوالوں نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا لیکن جماعت اسلامی شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔