کابل دھماکے: پاکستان کی افغانستان کو مشترکہ تحقیقات کی پیشکش

Published On 03 Feb 2018 05:19 PM 

پاکستان نے بم دھماکوں کی مشترکہ تحقیقات کیلئے افغانستان کو پیشکش کر دی۔ ساتھ ہی ساتھ الزام تراشی سے باز رہنے کی تلقین بھی کر دی۔

کابل: (دنیا نیوز) افغان دارالحکومت میں پہلے پاک افغان ورکنگ گروپ کا اجلاس پاکستان کی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کے سینئر عہدیداران اور اعلیٰ عسکری حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دونوں ممالک پر تعاون کو مزید بہتر بنانے کیلئے زور دیا۔ سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ افغانستان پاکستان پر الزام تراشی سے اجتناب کرے، الزام تراشی کی بجائے دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید بہتر بنائیں اور پاکستان کابل بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

بعد ازاں اجلاس سے متعلق اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو بم دھماکوں کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، پاک افغان مذاکراتی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے اور افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے تعاون نہایت کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات باہمی روابط کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے، پاکستان نے افغانستان سے بارڈر مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ افغانستان پاکستان کے خلاف برسرپیکار دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے اور اپنے علاقے کو پاکستان مخالف گروپوں کی محفوظ پناہ گاہیں بننے سے روکے۔